لاہور(زیرو پوائنٹ نیوز) پنجاب میں بیروزگاری کی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور یہ بڑھ کر 7.3فیصد تک پہنچ گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ چار برسوں کے دوران بیروزگاری کی شرح میں 0.6فیصد اضافہ ہوا ہے۔مالی سال 2020-21میں صوبے میں بیروزگاری کی شرح 6.7فیصد تھی جو مالی سال 2024-25تک بڑھ کر 7.3فیصد تک پہنچ گئی۔اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ صوبے میں لیبر فورس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے تاہم اس کے مقابلے میں روزگار کے مواقع پیدا نہیں ہو پا رہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بڑھتی ہوئی لیبر فورس کے مقابلے میں نئی ملازمتوں کی رفتار کم ہونے کے باعث روزگار کا مسئلہ شدت اختیار کر رہا ہے۔حکام کے مطابق پنجاب میں روزگار کے بڑھتے ہوئے مسئلے کے پیش نظر حکومت نے صورتحال بہتر بنانے کے لیے خصوصی سیل قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سیل میں معروف ماہرین معاشیات اور جاب مارکیٹ کے ماہرین کو شامل کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق حکومت صوبے میں نئی صنعتوں اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے کر روزگار کے مزید مواقع پیدا کرنے کے لیے مختلف اقدامات پر غور کر رہی ہے۔
Post a Comment