پاکستان ریلوے کے بیشتر ٹریکس کی عمر پوری، خستہ حال ہو چکے،تحریری رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش


 اسلام آباد(زیرو پوائنٹ نیوز) وزیر ریلوے حنیف عباسی نے قومی اسمبلی میں پاکستان ریلوے کے ٹریکس کی خستہ حالی سے متعلق تحریری رپورٹ پیش کردی جس میں اعتراف کیا گیاہے کہ پاکستان ریلوے کے بیشتر ٹریک اپنی عمر پوری کرچکے اور خستہ حالی کا شکار ہیں۔

وفاقی وزیر ریلوے کی تحریری رپورٹ کے مطابق پاکستان ریلوے کے پاس مجموعی طور پر7 ہزار 791 کلومیٹر روٹ اور 11 ہزار 881 کلومیٹر ٹریک موجود ہیں، لیکن ان میں سے بیشتر زائد المیعاد ہوچکے۔
وفاقی وزیر کے مطابق پشاور سے کراچی تک مین لائن ون کا 72 فیصد ٹریک اپنی عمر پوری کرچکا جبکہ اٹک سے کوٹری تک مین لائن ٹو کا 88 فیصد اور روہڑی سے تفتان تک مین لائن تھری کا 92 فیصد ٹریک زائدالمیعاد ہوچکا۔ پاکستان ریلوے کی تین ہزار 840 کلومیٹر برانچ لائن بھی 98 فیصد تک زائدالمیعاد قرار دی گئی ہے۔
حنیف عباسی نے بتایا کہ خستہ حال ٹریکس پر حادثات کے خطرات کم کرنے کیلئے ٹرینوں کی رفتار پر پابندیاں عائد کی جاتی ہیں۔وفاقی وزیرریلوے نے کہا کہ ٹریک کی مرمت کے ساتھ ساتھ ریلوے اسٹیشنوں کی اپ گریڈیشن کے متعدد منصوبے شروع کیے ہیں۔

Post a Comment

Previous Post Next Post