وزیراعظم کا اس مرتبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ

 

اسلام آباد  وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے عالمی منڈی میں تیل کی مزید قیمتیں بڑھنے کے باوجود عوام سے کئے گئے وعدے کے مطابق اس مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہاکہ عام آدمی پر بوجھ کم کرنے کے لیے، قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جا رہا،اپنے وعدے کے مطابق جس قدر ہو سکا، ان مشکل حالات میں عوام تک ریلیف پہنچائیں گے۔ شہبازشریف نے کہاکہ خطے میں کشیدگی کی وجہ سے عالمی معیشت اس وقت دباؤ میں ہے جسکے پاکستان کی معیشت پر گہرے اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔
شہبازشریف نے کہاکہ بروقت پالیسی سازی، حکومت کی جانب سے بچت کے اقدامات اور مالی نظم و ضبط کی بدولت اس صورتحال سے احسن طور سے انسانی حد تک نمٹنے کی کوشش کی جا رہی ہے،بطور خادم پاکستان ان مشکل حالات میں غریب آدمی پر بوجھ کم کرنے کیلئے اس ملک کی اشرافیہ اور حکومت سے شروعات کا عزم کیا۔
شہبازشریف نے کہاکہ وفاقی حکومت میں بچت اقدامات کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومتیں بھی ان اقدامات میں وفاقی حکومت کا بھرپور ساتھ دے رہی ہیں جو خوش آئند ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ اللہ کے فضل و کرم سے سفارتی اور معاشی ٹیم کی کوششوں کی بدولت خام تیل کی ملکی ضرویات کیلئے مناسب مقدار میسر ہے۔
شہبازشریف نے کہاکہ وفاقی و صوبائی حکومتیں مل کر کسی کو بھی حکومت کی جانب سے مقرر کردہ قیمت سے زائد قیمت کی وصولی کی روک تھام یقینی بنا رہی ہیں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ دعا گو ہیں کہ عالمی سطح پر حالات بہتر ہوں اور عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام آئے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post